26

درے بند ، عبداللہ پور میں بدترین ٹریفک جام ، نہ ڈیوٹی اور نہ ہی متبادل راستے کی آگاہی شہری اذیت سے دو چار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عبداﷲ پور دروں کی بندش کے بعد جھمرہ روڈ پر آنے اور جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا، گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون کی طرف سے نہ ٹریفک پلان بنایا گیا اور نہ ہی ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگائی جا سکیں، شہری حلقوں کا سی ٹی او سے فوری طور پر ٹریفک پلان بنانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جاپان کے تعاون سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کے منصوبے کی وجہ سے عبداﷲ پور پل کے نیچے تین دروں کو ایک سال کیلئے بند کر دیا گیا، پل دروں کی بندش کی وجہ سے عبداﷲ پور سے جھمرہ روڈ پر جانے اور جھمرہ روڈ سے جڑانوالہ روڈ پر آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طلبہ وطالبات کو سکول وکالج میں پہنچنا اور سرکاری ودیگر ملازمین کو دفاتر اور ڈیوٹیوں پر بروقت پہنچنا محال ہو چکا ہے۔ عبداﷲ پور سے بڑی گاڑی’ بس’ ٹرک وغیرہ کو جھمرہ روڈ پر جانے کیلئے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بڑی گاڑیوں کے مڑنے پر گھنٹوں تک ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔ شہری حلقوں نے سی ٹی او مقصود احمد لون سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑی گاڑیوں کو عبداﷲ پور پل سے مڑنے کی بجائے ایکسپریس وے کینال روڈ کی طرف بھیجا جائے جبکہ عبداﷲ پور سے جھمرہ روڈ پر آنے جانے والوں کیلئے صرف چھوٹی گاڑیوں کو اجازت دی جائے اور سال بھر کیلئے ٹریفک پلان ترتیب بالخصوص صبح دوپہر اور رش والے اوقات سکول کالج کی چھٹی کے موقع پر ٹریفک وارڈنز کی مستقل ڈیوٹی لگائی جائے۔ جن کو صرف ٹریفک بحال رکھنے کا ٹاسک دیا جائے تاکہ عبداﷲ پور کے دروں کی بندش کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں