دنیا کی تیز ترین ٹرین کا نیا ریکارڈ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی تیز ترین میگنیٹک لیویٹیشن (میگ لیو) ٹرین نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔اس جدید ٹرین نے محض دو سیکنڈ میں 700کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی، سپیڈ اتنی تیز تھی کہ آنکھ جھپکتے ہی نظروں سے اوجھل ہو جائے۔یہ کامیاب تجربہ چین کی نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس ٹیکنالوجی کے محققین نے انجام دیا۔ آزمائشی سفر کے دوران تقریبا ایک ہزار کلوگرام وزن رکھنے والی گاڑی کو انتہائی کم وقت میں اس غیر معمولی رفتار تک پہنچایا گیا۔یہ ٹیسٹ 400 میٹر طویل میگ لیو ٹریک پر کیا گیا، جہاں ٹرین نے رفتار حاصل کرنے کے بعد بحفاظت خود کو روک لیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ دنیا کی تیز ترین سپر کنڈکٹنگ الیکٹرک میگ لیو ٹرین بن گئی۔تجربے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین چاندی کی بجلی کی مانند ٹریک پر سے گزرتی ہے، جسے کھلی آنکھ سے فالو کرنا بھی مشکل ہے۔ اس کے پیچھے ہلکی سی دھند نما لکیر بنتی ہے، جو کسی سائنس فکشن فلم کے منظر جیسا لگتی ہے۔یہ ٹرین سپر کنڈکٹنگ میگنیٹس کی مدد سے پٹری سے اوپر معلق رہتی ہے، جس کے باعث رگڑ بالکل ختم ہو جاتی ہے اور رفتار میں غیر معمولی اضافہ ممکن ہو جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس سسٹم کی طاقت اتنی زیادہ ہے کہ اس نوعیت کی الیکٹرو میگنیٹک ایکسیلیریشن ٹیکنالوجی راکٹ لانچ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ مستقبل میں یہی ٹیکنالوجی شہروں کے درمیان طویل فاصلہ محض چند منٹوں میں طے کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔واضح رہے کہ اس منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم گزشتہ دس برسوں سے اس ٹیکنالوجی پر تحقیق کر رہی ہے۔ رواں سال جنوری میں اسی ٹریک پر کیے گئے ایک سابقہ تجربے میں ٹرین نے 648 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں