دوستوں نے زہر دیکر نوجوان کو مار ڈالا،دولہا کی بہن اغوا،ڈاکوؤں نے چاقو مار کر شہری کو لہولہان کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر دوستوں نے زہر دیکر نوجوان کو مار ڈالا’ شادی کی تقریب کے دوران مسلح ڈاکوئوں نے مزاحمت پر شہری کو چاقو مار کر زخمی کر دیا، چالاک ملزمان کاروبار کا جھانسہ دیکر 2شہریوں سے 70لاکھ لے اُڑے’ قاتلانہ حملہ کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے3افراد لہولہان ہو گئے، پولیس مصروف تفتیش ہے’ تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ 410 گ ب کے رہائشی کاشف گلزار نے بتایا کہ چند روز قبل بیٹے حیدر علی کو اسکے دوست گھر کھانا کھلانے کے بہانے گھر سے بلا کر لے گئے’ زہریلا کھانا کھانے سے اسکی حالت غیر ہو گئی تو ایک ڈیرہ پر چھوڑ کر فرار ہو گئے، حیدر علی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر نورالامین وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ کارخانہ بازار کے قریب شہری شوکت علی نے بتایا کہ دو مسلح ڈاکوئوں نے اس سے 20ہزار روپے چھین کر مزاحمت کرنے پر چاقو کے وار کر کے زخمی کر دیا۔ تھانہ بلوچنی کے علاقہ 97 رب کے رہائشی لیاقت علی نے بتایا کہ اس کے بیٹے زوہیب کی شادی کی دعوت ولیمہ مقامی ہوٹل میں تھی جہاں پر رشتہ دار آئے ہوئے تھے کہ مہمان بن کر آنے والا لطیف نے سبز باغ دکھا کر اسکی بیٹی اور دولہا کی بہن کو اغواء کر کے لے گیا۔ جبکہ پیپلزکالونی کے رہائشی شفقت نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم جاوید اقبال نے ٹمپرنگ شدہ پرائز بانڈ دیتے ہوئے 33لاکھ کی رقم ہتھیا لی’ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 75 رب کے عرفان کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم سجاد نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 36لاکھ کی رقم لیکر فرار ہو گیا، رقم کا تقاضا کرنے پر ملزم نے چیک دیئے جو کہ جعلی نکلے۔ جھنگ بازار کے علاقہ اے بی سی روڈ پر معمولی جھگڑے پر ملزمان آصف وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالف جاوید کو زخمی کر دیا۔ تھانہ صدر کے علاقہ علی ٹائون کے رہائشی انجم نے بتایا کہ عداوت کی بناء پر مسلح ملزمان علی حسنین وغیرہ نے فائرنگ کر کے اسکی کزن علیشبہ اور کزن نجف کو گولیاں مار دیں۔ حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں