ٹھیکری والا(نامہ نگار) تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ پینسرہ روڈ پر دو متحارب گروپوں میں فائرنگ کی زد میں آ کر رکشہ سوار دو بچوں سمیت 4افراد بری طرح زخمی ہو گئے، ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس نے اقدام قتل کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان عثمان عرف کالو’ مزمل’ محمد دین’ عبدالباسط وغیرہ کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 202 ج ب چنیوٹ کے رہائشی میاں مراد نے پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ گزشتہ روز اس کا بھائی اﷲ دتہ’ بھتیجا عدیل’ علی حیدر’ منیب ولد قاسم رکشہ پر سوار ہو کر پینسرہ سے بھوآنہ جا رہے تھے کہ جب وہ 274 ج ب پینسرہ روڈ پر محمد علی ایجوکیشن کیمپس کے قریب پہنچے تو عبدالباسط اور عثمان وغیرہ آپس میں لڑائی جھگڑا اور ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے تو فائرنگ کی زد میں آ کر گولیاں لگنے سے 45سالہ اﷲ دتہ’ 6سالہ عدیل’ 5سالہ علی حیدر اور منیب بری طرح زخمی ہو گئے، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔، پولیس نے اقدام قتل کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
8