دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے خاتمہ کیلئے کریک ڈاؤن تیز

لاہور(بیورو چیف)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان کی ہدایت پر پنجاب پولیس دھاتی ڈور و پتنگ بازی کے خاتمے کے لیے ان ایکشن ہے جس کے تسلسل میں پولیس کی لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر کاروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 4495 ملزمان گرفتار کر کے 4521 مقدمات درج کئے گئے۔ 04 لاکھ 81 ہزار 460 پتنگیں، 18 ہزار 453 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں اور 3985 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں 1272 ملزمان گرفتار، 1241 مقدمات درج، 28341 پتنگیں اور 1430 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈان میں تیزی لائیں۔ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں اور خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں۔ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں