دھند میں اندھادھند5ٹریفک حادثات،10افراد جاں بحق،49زخمی

چکوال/جڑانوالہ /ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگاران) دھند کے باعث ٹریفک کے چار حادثات میں 10افراد جاں بحق جبکہ 32 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق تلہ گنگ کے قریب ڈھوک پٹھان میں بس کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ27زخمی ہوگئے مسافر بس راولپنڈی سے کراچی جا رہی تھی کہ موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے مسافروں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ترجمان ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 7 خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ٹی ایچ کیو تلہ کنگ منتقل کیا گیا، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔جڑانوالہ کے علاقہ اڈا لنڈیانوالہ کا رہائشی فاروق ولد نور احمد محنت مزدوری کرتا تھا گزشتہ روز سائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ موٹروے پل کے قریب ہنڈائی مزدا کے ڈرائیور نے ٹکر مار دی جسکے نتیجہ میں سائیکل پر سوار فاروق موقع پر جاں بحق ہو گیا حادثہ کا مرتکب ڈرائیور فرار ہو گیا۔ سپیشل ایجوکیشن کی بس میں سوار محکمہ صحت کے ملازمین لاہور سے فیصل آباد جا رہے تھے کہ جڑانوالہ فیصل آباد روڈ پر تیز رفتاری کے باعث بس الٹ گئی، حادثہ کے نتیجہ میں ایک خاتون ثمینہ زوجہ اعجاز زخمی ہو گئی جبکہ دیگر ملازمین معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جھنگ روڈ ایم فور موٹروے انٹرچینج کے قریب جانوروں سے لوڈ مزدا الٹ گئی، 4 افراد جاں بحق، 4 شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور شدید زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری کے علاقہ کبڈی چوک کے قریب تیز رفتار بس اور آئل ٹینکر میں تصادم’ 17مسافر بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سٹی سمندری کے علاقہ کبڈی چوک کے قریب دھند کے باعث تیز رفتار بس نمبری TLU-281ملتان سے فیصل آباد آ رہی تھی جب وہ کبڈی چوک کے قریب پہنچی تو آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی’حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی مسافروں کوطبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا۔’زخمی ہونے والوں میںکھدروالا کا عامر جاوید’ شجاع آباد ملتان کا فیاض ولد عبدالستار’ سمندری کی کنور بی بی زوجہ اظہر حسین’ شجاع آباد ملتان کا شعیب ملک ولد اﷲ بخش’ منڈی بہائو الدین کا محمد آصف ولد دوست محمد’ کمالیہ کی 10سالہ سحر دختر افتخار’ 439 گ ب کا عارف ولد مختار’ ملتان کا منیر احمد ولد رمضان’ چیچہ وطنی کا عارف مسیح ولد گلزار’ بہاولپور کا گل گھٹی ولد لال محمد’ ملتان کا نواز ولد ظہور اور شاہین عباس ولد اﷲ بخش’ نیو سمندری کا محمد اعظم ولد محمد امین’ خانیوال کی نسرین بی بی زوجہ قمر’ منڈی بہائو الدین کا محمد عمر ولد بشیر احمد’ جامپور کی تاج مائی زوجہ اکبر اور گجرات کی رضیہ بی بی زوجہ اسلم شامل ہیں۔ جس میں 5افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں