دھی رانی پروگرام سے متوسط طبقہ کو بھرپور ریلیف ملا،سردار عاصم شیر مکین

سرگودہا (بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع سرگودہا کے مستحق 51 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد مقامی میرج ہال میں کیا گیا۔ مہمان خصوصی صوبائی پارلیمانی سیکریٹری برائے لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن تھے۔ تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان، ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر آمنہ منیر ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان ، مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت چوہدری شاہنواز رانجھا، چوہدری عبد الرزاق ڈھلوں ، سلطان علی رانجھا اور میاں سبحان سمیت افسران اور شہری کثیر تعداد میں موجود تھے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے ہر جوڑے کو نئی زندگی کے آغاز پر ضروریات زندگی کی اشیاء پر مبنی گفٹ اور اے ٹی ایم کے ذریعے ایک لاکھ روپے تک کی سلامی دی گئی۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں دوسرے اور تیسرے فیز میں بھی پانچ پانچ ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں کرائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بے شمار حکومتیں آئیں، ریا ست مدینہ کا نام استعمال کیا گیا لیکن اگر کسی نے ریا ست مدینہ کی حقیقی بنیاد دیکھنی ہے تو وہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کو دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں