2

دہشتگردوں کے حملہ میں 16جوانوں کی شہادت (اداریہ)

جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر خوارج کے حملے میں 16اہلکار شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 8خوارج ہلاک کر دیئے گئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق 20 اور 21دسمبر کی درمیانی شب خوراج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے جنرل ایریا میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی’ حملے کی کوشش کو فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے سولہ بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس گھنائونے فعل کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں شہید اہلکاروں میں 30سالہ لانس نائیک لیاقت علی’ 31سالہ لانس نائیک محمد اسحاق’ 38سالہ حوالدار ایوب خان’ 40سالہ حوالدار عمر حیات’ 26سالہ سپاہی محبوب رحمان’ 37سالہ حوالدار محمد حیات’ 26سالہ لانس نائیک شیر محمد’ 25سالہ سپاہی جنید’ 29سالہ نائیک حامد علی’ 26سالہ سپاہی کلیم اﷲ’ 41سالہ حوالدار طاہر محمود’ 29سالہ لانس نائیک مصور شاہین’ 22سالہ سپاہی فیض محمد’ 23سالہ سپاہی طیب علی’ 26سالہ سپاہی جنید’ 22سالہ احسان الحق شامل ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے وزیراعظم نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہدت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 16جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے 8دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دریں اثناء سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کا ایک بہادر سپوت 22سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا صدر مملکت آصف علی زرداری’ وزیراعظم شہباز شریف’ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں دیں ہیں پوری قوم فورسز کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا،، افواج پاکستان وطن عزیز کی سلامتی وخود مختاری کی علامت ہیں اور پاک فوج کی بدولت ہم محفوظ ہیں یہ ملک تاریخی’ جغرافیائی اور سیاسی چیلنجز کے باعث ہمیشہ اندرونی وبیرونی خطرات سے دوچار رہا ہے فوج نہ صرف قومی سلامتی کی ضامن ہے بلکہ اس نے قومی یکجہتی’ ترقی اور استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے بیرونی خطرات سے ہٹ کر پاکستان کو 2000ء کی دہائی میں دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ کا سامنا رہا ہے فوج نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے اور ملک میں امن وامان بحال کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے آپریشن ضرب عضب اور ردّالفساد جیسے کامیاب آپریشنز کی بدولت ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی یہ فوج کی قربانیوں اور پیشہ وارانہ مہارت کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، کچھ عرصہ سے ملک میں بعض ناپسندیدہ عناصر اور ملک دشمنوں کے ہاتھوں کھیلنے والوں نے ملک میں افراتفری مچا رکھی ہے جبکہ بھارت اور افغانستان کی ہلاشیری سے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی نے ایک بار پھر دہشت گردی کے واقعات شروع کر دیئے ہیں دہشت گرد خیبرپختونخواہ کے علاقوں اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بے گناہ افراد اور سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں بہادر سکیورٹی فورسز ان فتنہ الخوارج کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے سیاسی قیادت اور عسکری قیادت نے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہماری بہادر افواج ملک سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشت گردی تنظیموں کا مکمل صفایا کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں