فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما اوراین اے 101سے سابق ٹکٹ ہولڈر میاں عرفان منان نے کہاہے کہ دہشتگر د ی سے نجات کے لیے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا اے پی سی بلانے کا فیصلہ نیک شگون ہے۔ پی ٹی آئی سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کو غیر مشروط طور پر اس میں شامل ہونا چاہیے ۔ پی ٹی آئی کا بانی کواے پی سی میں شام کرنے کی شرط سے ثابت ہوتا ہے کہ اسے ملک اورعوامی مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں وہ صرف بانی کی رہائی چاہتی ہے ۔ جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقع کے بعد وزیراعظم نے جمہوری اور اخلاقی تقاضوں کے مطابق اے پی سی کافیصلہ کیاہے جب تک سیاسی قوتیں اور سیکورٹی ادارے ایک پیج پر نہیں ہوں گے تو دہشت گردوں کامقابلہ اور سیاسی معاشی استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے نوجوان دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان کے نذرانے پیش کررہے ہیں جب پوری قوم اس کے ساتھ ہوگی تو جوانوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔
