دہشت کی علامت گلفام شاہ گینگ انجام کو پہنچ گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی مدینہ ڈویژن کاضلع بھکر کی تحصیل دریا خان کے علاقے دلے والی میںمبینہ مقابلہ کے دوران خوف ودہشت کی علامت شاہ گینگ کا سرغنہ خطرناک اشتہاری گلفام شاہ اپنے تین بھائیوں سمیت مارا گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی خطرناک اشتہاری گینگ کو اپنے انجام تک پہنچانے پر سی سی ڈی ٹیم کو شاباش۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی مدینہ ڈویژن کے انچارج اکرام گورائیہ کو اطلاع ملی تھی کہ 237کھڈیاں کا خطرناک شاہ گینگ کے سرغنہ گلفام شاہ نے اپنے بھائیوں اور ساتھیوں سمیت بھکر کے علاقہ دریا خان میں موجود ہے جس پر سی سی ڈی کی ٹیم نے بھکر کے علاقہ دریا خان کے تھانہ دلے والی کے علاقہ تھانہ تالاں والی میں ایک ڈیرہ پر خطرناک اشتہاری گلفام شاہ کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اشتہاری ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس پارٹی نے بھی پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ اور ایک گھنٹہ سے زائد پولیس مقابلہ جاری رہا۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے دیکھا تو خطرناک اشتہاری’ اجرتی قاتل’ شاہ گینگ کا سرغنہ گلفام شاہ اور اس کے تین ساتھی مردہ حالت میں پڑے تھے۔ مارے جانیوالوں کی شناخت گلفام شاہ کے بھائی بلال شاہ’ حسن شاہ اور عمر شاہ کے ناموں سے ہوئی، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ تھانہ صدر کے علاقہ 237 کھڈیاں وڑائچاں کے رہائشی شاہ گینگ کے گلفام شاہ نے علاقہ میں ات مچا رکھی تھی، جو کہ قتل’ ڈکیتی’ راہزنی’ اغوائ’ پولیس مقابلہ سمیت درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا اور علاقہ میں دہشت کی علامت بنا ہوا تھا۔ پولیس نے کھڈیاں وڑائچاں میں متعدد مرتبہ چھاپے مارے اور ان کی گرفتاری کیلئے اعلانات کروائے لیکن وہ پکڑے نہ جا سکے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شاہ گینگ کے سرغنہ گلفام شاہ کے خلاف قتل’ ڈکیتی’ اغواء سمیت سنگین 22مقدمات’ اسکے بھائی عمر شاہ کیخلاف 18′ حسن شاہ کے خلاف 12 اور بلال شاہ کے خلاف 14مقدمات درج ہیں اور زیادہ مقدمات فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں درج تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں