دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 34دہشت گردوں کا ہلاک ہونا قومی سلامتی کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں چار مختلف مقابلوں میں فتنہ الخوارج کے 26دہشت گردوں کا انجام تک پہنچایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری فورسز ہر محاذ پر چوکنا اور پرعزم ہیں، اسی طرح بلوچستان کے علاقے سمبازہ، ژوب میں 8دہشت گردوں کا خاتمہ دہشت گردی کے نیٹ ورکس کیلئے واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر فساد پھیلانے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پیشہ وارانہ مہارت، جرت اور بروقت کارروائی سے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے،پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، انشا اللہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں