دینی مدرسے کا طالبعلم پر اسرار طور پر جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ مسلم ٹائون میں دینی مدرسہ کا طالب علم پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چنیوٹ کے علاقہ گلی ولی مسجد لال شاہ کا رہائشی 16سالہ حسان مرسلین ولد محمد مرسلین مسلم ٹائون میں واقع مدرسہ دارالقرآن میں زیرتعلیم تھا، گزشتہ روز وہ نہانے کیلئے واش روم میں گیا باہر نہ آیا، کافی دیر گزرنے کے بعد مدرسہ انتظامیہ اور طالب علموں نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو حسان مرسلین مردہ حالت میں پڑا تھا، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش قبضہ میں لے لی۔ تاہم متوفی کے ورثاء کی طرف سے معاملہ رضائے الٰہی تسلیم کرتے ہوئے کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی پر پولیس نے نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں