ذخیرہ اندوزی ،منافع خوری کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ عمر میلہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر رمضان المبارک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیر نگرانی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر بازاروں اور مارکیٹوں کی چیکنگ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 2ہزار 533انسپیکشنز کی گئیں۔ گراں فروشی اور سرکاری نرخنامے کی خلا ف ورزی پر مجموعی طور پر 95ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ اوورچارجنگ پر ایک دکان سیل کی گئی۔تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1 ہزار 114 انسپیکشنز کے دوران زائد قیمت وصولی اور نرخنامہ آویزاں نہ کرنے پر 17 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ گوجرہ میں 524 انسپیکشنز کے دوران مقررہ ریٹ سے زیادہ وصولی پر 6 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ کمالیہ میں 440 انسپیکشنز کے دوران قیمتوں میں بے ضابطگی اور اوورچارجنگ پر 8 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ پیرمحل میں 455 انسپیکشنز کے دوران مہنگے داموں فروخت اور ریٹ لسٹ کی عدم دستیابی پر 63 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مانیٹرنگ کا عمل مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں