سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ذہنی معذور (Mentally Challenged) بچوں کی فلاح، سماجی شمولیت اور ادارہ جاتی اونر شپ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے افسران اور نفسیات دانوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن کے ماہرین نے ذہنی معذور بچوں کی ضروریات، تعلیم، تربیت اور معاشر ے میں مؤثر انضمام کے طریقوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ماہرین نے کہا کہ ان بچوں کی بہتر نگہداشت اور تعلیم کے لیے ادارہ جاتی اونر شپ، والدین کی تربیت، اور معاشرتی شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ ذہنی معذور بچے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود صرف حکومتی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ایسے بچوں کے لیے موجود سہولیات کو مزید مؤثر اور قابلِ رسائی بنایا جائے، اور ان کی رجسٹریشن، تعلیم و تربیت اور بحالی کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ کمشنر نے ماہرین کے تجاویز کو سراہا اور کہا کہ ضلعی و ڈویڑنل سطح پر اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔



