46

ذہنی معذور کو ٹرین نے کچل دیا،سینٹرل جیل میں قیدی چل بسا،گولیاں لگنے سے خاتون سمیت4افراد لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹرین تلے آ کر مخبوط الحواس نوجوان’ سنٹرل جیل میں بند قیدی جاں بحق’ قاتلانہ حملوں میں خاتون سمیت 4افراد لہولہان’ نشاط آباد میں نشئی بجلی کے پول پر چڑھ گیا، اتارنے پر تین افراد کو چاقو سے وار کر کے زخمی کر دیا’ کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والا پکڑا گیا’ گھریلو جھگڑے پر ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنا کر خاتون کے بال کاٹ دیئے’ فصلوں کی باقیات کو لگائی جانیوالی آگ نے محنت کش کا گھر جلا دیا’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق آج صبح تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ سرشمیر کے قریب مخبوط الحواس نوجوان پٹری کے ساتھ چل رہا تھا کہ کراچی سے آنیوالی ٹرین کی ٹکر لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا، جس کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی۔ سنٹرل جیل میں بند تھانہ جھنگ بازار کے منشیات کیس میں ملوث 35سالہ قیدی رفیق ولد صدیق شدید علالت کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔ملت ٹائون کے علاقہ نشاط آباد کے قریب نشئی بجلی کے پول پر چڑھ گیا اہل علاقہ نے اتارنے کی کوشش کی تو اس نے چاقو کے وار کر کے تین افراد کو زخمی کر دیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122نے موقع پر پہنچ کر فیسکو سے بجلی بند کروانے کے بعد نشئی عبدالرزاق اور دیگر کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر سجادنے عملہ کے ہمراہ117ج ب میں چھاپہ مار کر کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے مزمل کو قابو کر کے بھاری مقدار میں جعلی دودھ تلف کر کے حوالہ پولیس کر دیا۔ ٹھیکریوالہ کے علاقہ81ج ب میں گھریلو جھگڑے پر ملزمان عامر وغیرہ نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنا کر بال کاٹ دیئے’ ستیانہ روڈ کے علاقہ229گ ب میں کاشتکار شبیر نے فصلوں کی باقیات کو آگ لگائی’ ہوا کے باعث غلام مصطفی کے گھر کو آگ کی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل گیا۔ علاوہ ازیں بلال گارڈن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ذوالفقار، صدر کے علاقہ215ر ب میں عداوت کی بناء پر ملزمان نے گلشن، صدر کے علاقہ کسٹمر سنٹر کے قریب مویشی چوری کے الزام میں ملزمان نے والی بال کے کھلاڑی راشد اور صدر کے علاقہ مکوآنہ میں معمولی تلخ کلامی پر ملزمان نے فائرنگ کر کے خادم کی بہن فائزہ کو گولیاں مار کر مضروب کر دیا۔ جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں