رئیل سٹیٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے ریئل اسٹیٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ حکومت نے یہ3فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جولائی میں عائد کی تھی، جو کسی بھی پلاٹ کی پہلی بار فروخت پر وصول کی جاتی تھی، لیکن اب 10ماہ بعد یہ ڈیوٹی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے سینئر حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ فیصلہ آئی ایم ایف کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فائلرز پر 3فیصد اور نان فائلرز پر 5فیصد عائد کی گئی تھی، ذرائع کے مطابق اب دونوں کیٹیگریزکو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے لیے ایف بی آر نے سمری بھیج دی ہے۔ ترجمان ایف بی آر ڈاکٹر نجیب میمن کاکہناہے کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کے لیے قانون سازی جلد کی جائے گی، وزیر خزانہ سمری کی منظوری دے چکے ہیں، جلد سمری وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کردی جائے گی۔ علاوہ ازیں، حکومت نے سالانہ 10ملین سے زیادہ آمدنی پر 10فیصدسرچارج عائد کیا تھا، ذرائع کے مطابق نئے مالی سال سے یہ سرچارج بھی ختم کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت تنخوا دار طبقے پر سے ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف امکانات پر غور کر رہی ہے، لیکن یہ فیصلے آئی ایم ایف کی رضامندی سے مشروط ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں