لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)٭ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لندن میں قائدمسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم میاںنواز شریف ‘ ان کی صاحبزادی اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز شریف سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر انہیں بریفنگ دی ‘ رانا ثناء اللہ نے بطور صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب پارٹی تنظیم کے حوالے سے بھی قائدین کو رپورٹ دی ‘ میاں نواز شریف نے رانا ثناء اللہ خاں کے اہل خانہ سے خصوصی شفقت کا مظاہرہ کیا اور ان سے مختلف امورپر گفتگو کی ‘ بعدازاں رانا ثناء اللہ خاں و دیگر سینئر لیگی قیادت کیساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ٭قائد (ن) لیگ نواز شریف نے کہا کہ اب پیچھے مڑکر دیکھنے کا وقت نہیں جارحانہ انداز اپنانا ہوگا، پنجاب میں بعض فیصلے درست نہیں تھے جس کی وجہ سے سیاسی نقصان ہوا۔ جب کہیں گے وطن واپس آ جائوں گا، انتخابی مہم خود چلانا چاہتا ہوں۔ نواز شریف نے لندن میں چار گھنٹے تک جاری اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے مشاورت کی، اجلاس کا فوکس مسلم لیگ ن کا سیاسی مستقبل تھا۔ نوازشریف نے بعض امور پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر میری بات مان لی جاتی اور عمران خان کی حکومت مدت پوری کرتی تو حالات مختلف ہوتے اور ن لیگ دو تہائی اکثریت سے انتخابات میں کامیاب ہوتی۔ نواز شریف نے کہا کہ دوستوں اور اتحادیوں کی وجہ سے ملک بچانے کیلئے حکومت لینا پڑی۔ اب پیچھے مڑکر دیکھنے کا وقت نہیں جارحانہ انداز اپنانا ہوگا۔ نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بعض فیصلے درست نہیں تھے جس کی وجہ سے سیاسی نقصان ہوا۔ پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ والا معاملہ بھی بہتر انداز میں ہینڈل ہوسکتا تھا۔ اب دور رس اور قابل عمل جرات مندانہ فیصلوں سے ن لیگ کو پورے پاکستان میں آگے لانا ہے۔ آپ لوگ مریم نواز کے ہاتھ مضبوط کریں یہ پارٹی میں نئی روح پھونکیں گی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم تمام بڑے سیاسی فیصلے مشاورت سے کرینگے۔ چاہتا ہوں کہ اعلی عدلیہ میرے ساتھ کی گئی نا انصافی کا ازالہ کرے۔ مجھے جب کہیں گے وطن واپس آجاؤں گا، انتخابی مہم چلانا چاہتا ہوں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور نئی فوجی قیادت نے عملی طور پر خود کو سیاست سے دور رکھا ہوا ہے۔ معاشی صورتحال پر بہت پریشان ہوں مگر اس تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی معاشی صورتحال پر بریفنگ سے بھی نوازشریف غیر مطمئن نظر آئے۔ نواز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے عملی اقدامات چاہتا ہوں۔
27