راہول ڈریوڈ راجستھان رائلز کے ہیڈ کوچ کے عہدہ سے فارغ

ممبئی (سپورٹس نیوز) بھارت کو دوسری بار ٹی20 کا عالمی چیمپئن بنوانے والے ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کی ٹیم راجستھان رائلز کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفی دے دیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرنچائز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 52 سالہ راہول ڈریوڈ کو ٹیم کے اسٹرکچرل ریویو کے بعد ایک بڑا عہدہ پیش کیا گیا تھا، تاہم سابق بھارتی کپتان نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔بیان میں کہا گیا کہ ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ آئی پی ایل 2026 سے قبل فرنچائز کے ساتھ اپنا عہدہ مکمل کر لیں گے۔ڈریوڈ نے اس سال کے ٹی20 ٹورنامنٹ سے قبل بطور ہیڈ کوچ ٹیم میں واپسی کی تھی لیکن راجستھان پلے آف تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا اور 10 ٹیموں کی فہرست میں نویں نمبر پر رہا۔فرنچائز کی جانب سے کہا گیا کہ راہول ڈریوڈ راجھستان رائلز کے کئی برسوں کے سفر میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی قیادت نے کھلاڑیوں کی ایک نسل کو متاثر کیا، اسکواڈ میں مضبوط اقدار کو پروان چڑھایا اور فرنچائز کی ثقافت پر ایک ناقابلِ فراموش نقش چھوڑا۔خیال رہے کہ راہول ڈریوڈ پہلی بار 2011 میں بطور کھلاڑی راجستھان رائلز سے جڑے اور 2012 اور 2013 میں دو سیزنز تک کپتانی کی جب کہ 2014 میں بطور ٹیم ڈائریکٹر اور 2015 میں بطور مینٹور خدمات انجام دیں۔راہول ڈریوڈ نے اپنے شاندار کیریئر میں 164 ٹیسٹ میچز میں 13288 رنز اسکور کیے اور 2012 میں بطور کھلاڑی کرکٹ کو خیرباد کہ دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں