32

رسالہ روڈ پر خونی ڈاکہ ‘ سبزی فروش قتل

فیصل آباد’ ٹھیکریوالہ (سٹاف رپورٹر’ نامہ نگار) گھریلو جھگڑے پر سسرالیوں نے بہو اور مشتعل ملزمان نے تشدد کر کے مخالف کو مار ڈالا، اوباش افراد نے دو لڑکیوں کو بے آبرو جبکہ نوجوان سمیت 8 خواتین کو اغواء کر لیا، ڈاکوئوں نے دیہاتی کو تشدد کا نشانہ بنا کر موٹرسائیکل چھین لی، کاروبار کا جھانسہ دیکر چالاک ملزمان 2 تاجروں سے 2 کروڑ کی رقم لے اُڑے’ دیگر واقعات میں مشتعل ملزمان نے خاتون سمیت 5 افراد کو بری طرح زخمی کر دیا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ وارث پورہ میں گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر مشتعل شوہر وارث نے والدین اور بھائیوں سے مل کر اپنی اہلیہ دو بچوں کی ماں چندا بی بی کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ ڈوگرانواں روڈ پر ہوٹل پر کام کرنے والے ملزمان عباس’ عمران وغیرہ نے کام کے بہانے 281 گ ب کے رہائشی احسان ولد ریاض کو بلایا اور مبینہ طور پر لڑکی سے تعلقات کے شعبہ پر سر میں اینٹ مار کر بری طرح زخمی کر دیا، مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، تاہم پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ میں مسلح ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر پسٹل کے بٹ اور تشدد کر کے دیہاتی عبدالقیوم سے موٹرسائیکل’ نقدی چھین کر فرار ہو گئے، تاہم عبداﷲ پور کے رہائشی غلام صابر نے بتایا وہ پولٹری پروٹین کا کاروبار کرتا ہے، ملزم رضوان نے اس سے کاروبار کی غرض سے سوا کروڑ روپے کی رقم لیکر رفوچکر ہو گیا۔ جبکہ جڑانوالہ کے تاجر عثمان کو ملزم عبدالغفور وغیرہ نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 70لاکھ کی رقم حاصل کی، رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا، تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ چباں روڈ کے رہائشی فیصل اسلم نے بتایا کہ اوباش ملزمان قاسم وغیرہ نے اسکی اہلیہ (آ) اور محلہ جڑانوالہ کے علاقہ محلہ حسین آباد کی رہائشی کوثر پروین کے گھر داخل ہو کر اوباش ملزمان ساجد وغیرہ نے اسکی جواں سالہ بیٹی (م) کو بے آبرو کر دیا۔ علاوہ ازیں تھانہ گلبرگ کو درخواست گزارتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ اسکی بیٹی (ک) جی سی یونیورسٹی میں بی ایس ایڈیشن میڈیسن کی طالبہ تھی جو کہ یونیورسٹی گئی واپس نہ آئی جسے نامعلوم ملزمان نے اغواء کر لیا ہے۔ جھنگ بازار کے علاقہ کھوکھر ٹائون کے رہائشی مزمل نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے بازار جاتے ہوئے اسکی ہمشیرہ (ع)’ پیپلزکالونی کے علاقہ ڈی گرائونڈ میں شاپنگ کیلئے آنے والی خاتون (ع) کو ملزمان شاہد وغیرہ نے اغواء کر لیا، سرگودھا روڈ کے علاقہ محلہ نصیر آباد سے یاسر کی بیٹی (س) کو ملزمان شوکت وغیرہ’ تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ عمیر ٹائون کے رہائشی ابرار حسین کی اہلیہ (س) کو ملزمان غلام عباس’ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ محلہ غوث نگر کے رہائشی وسیم کی بھانجی (م)’ جڑانوالہ کے علاقہ 66 گ ب کے رہائشی الطاف حسین کی بھتیجی (آ) کو ملزمان عبدالقدیر’ لنڈیانوالہ کے علاقہ 651 گ ب کے رضا اﷲ کی اہلیہ (پ) کو ملزمان وحید وغیرہ نے اغواء کر کے گھر سے 10لاکھ کے زیورات’ نقدی بھی لے گئے جبکہ ہجویری ٹائون کے رہائشی عباس کا کہنا ہے کہ اس کا بھائی عامر گھر سے ڈیوٹی پر گیا واپس نہ آیا جسے نامعلوم ملزمان نے اغواء کر لیا ہے۔ دریں اثناء تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ 223 رب میں عداوت کی بناء پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے عبداﷲ’ ملت ٹائون کے علاقہ زینت ٹائون میں پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد نے مخالف منظور وغیرہ’ جڑانوالہ روڈ پر مشتعل افراد نے آہنی راڈ کے وار کر کے فیصل کو لہولہان کر دیا جبکہ بھٹہ سٹاپ بھائی والا کی رہائشی شمائلہ کوثر نے بتایا کہ گھر کا خرچہ مانگنے پر مشتعل شوہر یٰسین نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنا کر جبڑا توڑ دیا، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ علاوہ ازیں تھانہ ٹھیکری والا کے علاقے رسالہ روڈ پر ڈینگا پھاٹک کے نزدیک ڈکیتی مزاحمت پر 80سالہ سبزی فروش قتل’ واردات کے بعد مسلح ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب’ بتایاگیا ہے کہ 80سالہ سلامت ساکن مکان نمبر9گلی نمبر10سمن آباد سبزی منڈی جارہا تھا کہ آج علی الصبح رسالہ روڈ پر مسلح ڈاکوئوں نے اسے روک لیا اور گن پوائنٹ پر لوٹ مار کرنے کی کوشش کی ۔ مزاحمت پر اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں