رسم مہندی میں فائرنگ ،گولی لگنے سے دولہا کا بہنوئی چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 186 رب میں رسم مہندی کی تقریب میں دولہا کے بھائی کی فائرنگ سے بہنوئی زندگی کی بازی ہار گیا، خوشیوں بھرا گھرانہ ماتم کدہ بن گیا’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کے شادی کی تقریب میں نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لینے پر پولیس نے نعش تحویل میں لیکر اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مقتول کے برادر نسبتی ثاقب کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چک جھمرہ کے علاقہ 186 رب کی جناح آبادی میں قاسم علی کی رسم حنا کے موقع پر دولہا کے بھائی ثاقب وغیرہ ہوائی فائرنگ کر رہے تھے کہ اسی دوران گولی اس کے بہنوئی وسیم ولد اکرم سکنہ 197 رب بھاگے والا کے پیٹ میں لگنے سے خون میں لت پت ہو کر گر پڑا تو اہل خانہ نے فوری طور پر تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال لائے جہاں پر وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا تو خوشیوں بھرا گھرانہ ماتم کدہ بن گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کے نوٹس لینے پر مقتول کے برادر نسبتی سمیت دیگر کے خلاف قتل’ شادی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ثاقب اور آصف کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر کے بازپرس شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں