رشوت،کرپشن،چالان ٹریفک پولیس کی پہچان،شہری شدید پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رشوت’ کرپشن اور چالان ٹریفک پولیس فیصل آباد کی پہچان بن گئے’ باقی نظام کا بھی انتہائی برا حال’ حادثات بڑھ گئے۔ تفصیل کے مطابق ٹریفک پولیس کی نااہلی سے فیصل آباد میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی بجائے شہریوں کے بیجا چالان کرنے میں مصروف ہیں۔ اعلیٰ افسران کی طرف سے کانسٹیبل سے لیکر انسپکٹرز تک روزانہ چالان کرنے کا ہدف دیا جاتا ہے جو انہیں ہر حال میں پورا کرنا ہوتا ہے۔ اہم مقامات’ مین شاہراہوں اور چوک چوراہوں میں ٹریفک اہلکارناکہ بندیاں کر کے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے چالان کرتے ہیں، شہر میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں چالان کئے جاتے ہیں، بعض اہلکار رشوت وصولی میں بھی مصروف ہیں۔ ٹریفک پولیس کی عدم توجہ کے باعث پورے شہر میں ٹریفک نظام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اہم سڑکوں پر جگہ جگہ رکشہ سٹینڈ بنے ہوئے ہیں، اہم چوک چوراہوں میں ہر وقت ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے، گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیںجس کے باعث شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ٹریفک پولیس ٹریفک نظام کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، ٹریفک حادثات کی شرح میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے فیصل آباد ٹریفک کے حوالے سے شہر ”لاوارث” ہو۔ فیصل آباد کی معروف شاہراؤںکینال روڈ،سمندری ،راجباہ روڈپر ٹریفک کا سب سے زیادہ برا حال ہے، جہاںہر وقت ٹریفک جام رہتی ہے۔ شہری وسماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی نااہلی’ کرپشن اور بے جا چالان کرنے کا نوٹس لیں اور فیصل آباد میں ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں