اسلام آباد (بیوروچیف) مسابقتی توانائی ٹیرف کی واپسی، مالی سال 24 میں ٹیکسٹائل برآمدات کو دھچکا، وزارت تجارت کا پاور ڈویژن کو خط؛ برآمدات اضافے کیلئے علاقائی مسابقتی توانائی ٹیرف کی بحالی کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق اس بار ٹیکسٹائل کی برآمدات جاری مالی سال 24 کے اختتام پر 16.64 ارب ڈالرز تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو 2.68 ارب ڈالرز کا نقصان ظاہر کرتا ہے۔ اگر مالی سال 22 میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی 19.32 ارب ڈالرز کی برآمدات سے موازنہ کیا جائے تو یہ 14 فیصد کم ہے۔ تاہم برآمدات گزشتہ مالی سال 23 میں رجسٹرڈ 16.51ارب ڈالرز کی برآمدات سے ایک فیصد زیادہ ہوں گی۔ وزارت تجارت کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ علاقائی طور پر مسابقتی توانائی ٹیرف (آر سی ای ٹی) کی عدم دستیابی نے ملک کو 2.68 ارب ڈالر کا زبردست نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت کے عہدیدار ٹیکسٹائل کی برآمدات کے بارے میں فکر مند ہیں جو کہ مالی سال 24 کے اختتام پر 30 جون تک نہیں بڑھیں گی۔ مالی سال 22میں اس شعبے کو 9 سینٹ فی یونٹ بجلی کا ٹیرف اور 7.5ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو گیس ٹیرف فراہم کیا گیا جس سے ٹیکسٹائل کی برآمدات کی نمو 19.32 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی لیکن مالی سال 24 کے آخر میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 16.64ارب ڈالر تک گر جائیں گی کیونکہ حکومت نے آر ای سی ٹی کو واپس لے لیا۔
