رمضان المبارک میں خون کے عطیات میں ممکنہ کمی تھیلسیمیا کے مریض بچوں کو شدید خطرات

کراچی(بیورو چیف)ماہ رمضان کے دوران خون کے عطیات کی قلت پر قابو پانے کے سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی پیر 16 فروری سے خون کے رضاکارانہ عطیات کے لیے پہلی بار میگا بلڈ ڈونیشن ڈرائیو شروع کررہی ہے، سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی سیکریٹری ڈاکٹر در ناز جمال نے کہا ہے کہ یہ محکمہ صحت سندھ کے تحت اپنی نوعیت کی پہلی مہم ہے، یہ بات انہوںنے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں کانفرنس کے دوران بتائی۔ اس موقع پر پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان، گورننگ باڈی کے رکن فریال عارف، ڈاکٹر ثاقب انصاری، سیدمحمد مہدی رضوری اور ڈاکٹر افتاب ملاح سمیت دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر در ناز جمال نے کہا کہ رمضان المبارک میں خون کے عطیات دینے کے رجحان میں شدید کمی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے تھیلسیمیا کے بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں، رمضان سے قبل میگا بلڈ ڈونیشن ڈرائیو کا مقصد رمضان میں ہونے والی خون کی قلت پر قابو پانا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں تھیلسیمیا کے بچوں کو خون کی قلت کا سامنا ہونے سے بچے کے اہل خانہ شدید متاثر ہوتے ہیں اور روزے کی حالت میں خون کے لیے دربدر کی ٹھوکرے کھاتے ہیں، اس لیے رمضان سے قبل یہ مہم منعقد کی جارہی ہے۔ اس مہم میں سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کالجوں، یونیورسٹیوں اور نوجوانوں سے انسانیت کے نام پر اپیل کرتی ہے کہ رضاکارنہ خون کے عطیات دے کر تھیلسیمیا کے بچوں کی جان بچانے کے لیے اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوںنے کہا کہ ایک خون کی بوتل سے تین انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہے، آپ کے دیے ہوئے خون سے تین تھیلسیمیا کے بچوں کی زندگی خوشگوار ہوجاتی ہے۔ ڈاکٹر در ناز جمال نے کہا کہ اس وقت سندھ بھر میں 17 ہزار بچے تھیلیسیمیا کے مرض میں رجسٹرڈ ہیں، ان بچوں کی زندگیوں کو خوشگوار بنانے کے لیے انہیں خون کے عطیات کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں خون کے رضاکارنہ عطیات دینے والوں کو میڈلز اور سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی دیے جائیں گے۔ ڈاکٹر در ناز جمال نے بتایا کہ رمضان میں خون کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ عام طور پر روزے کی حالت میں اکثریت خون کے عطیات نہیں دے پاتی۔ اس موقع پر پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان نے کہا کہ خون کے عطیات کی اس مہم میں صحافی بھی بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو کلب کی حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر عمیر ثناء فائوڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر ثاقب انصاری اور محمدی بلڈ بنک کے سید محمد مہدی رضوی سمیت دیگر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ رضاکارانہ خون کا عطیات دے کر اسے کامیاب بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں