رمضان میں صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنئیر محمد عامر کی ہدایت پر جنرل منیجر آ پر یشن فیسکوعمر حیات گوندل نے فیسکو ڈسٹری بیوشن کنٹرو ل سنٹرمیں رمضان المبارک کے حوالے سے قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل کا دورہ کیا ۔اس موقع پرڈی جی ایچ آر غلام مجتبیٰ خان،ایڈیشنل ڈائریکٹر کنٹرول سنٹر ثاقب گیلانی،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن غلام نبی میمن اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد سعید رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے فیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کواپ گریڈ کر دیا گیا ہے ۔ ریجن بھر میں درجنوں فیڈرز کی ایریاپلاننگ اور ہزاروں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی مرمت کے ساتھ ساتھ بوسید ہ تاروں کی تبدیلی کے منصوبے مکمل کئے گئے تاکہ صارفین بجلی کو رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کیا جا سکے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ بجلی کی تسلسل کے ساتھ فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اگر ریجن کے کسی بھی علاقہ میں بجلی کی غیر معمولی بندش ہوئی تو متعلقہ افسران ذمہ دارہوں گے اور ان کے خلاف فوری محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔عمرحیات گوندل نے مزید کہا کہ تمام سب ڈویژنل دفاتر میں ٹرانسفارمر ٹرالیاں موجود ہیں۔سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں ٹرانسفارمر جلنے کی صورت میں فوری طور پر ٹرالی ٹرانسفارمر نصب کر کے بجلی بحال کی جائے تاکہ صارفین کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور فوری طور پر بجلی کی بحالی ممکن ہو سکے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ ماہ مبارک میں سب ڈویژنل شکایات سنٹر اورگرڈسٹیشنوں میں سٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں تین شفٹوں میں سٹاف موجود ہے تاکہ کسی بھی فیڈر پر بریک ڈائون آنے کی صورت میںکم سے کم وقت میں بجلی کی بحالی ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں