رمضان میں لیلة القدر اللہ کریم کی بڑی عطاہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں اعتکاف اور لیلة القد ر اللہ کریم کی بہت بڑی عطا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ بات سمجھ آجائے کہ سب کچھ اللہ کا ہے رزق کی تنگی اور رزق کی فراخی سب اسی قادر مطلق کے دست قدرت میں ہے۔تو زندگی آسان ہو جائے۔ حضرت مریم سے جب پوچھا گیا کہ آپ کے پاس یہ پھل کہاں سے آئے تو وہ فرمانے لگیں کہ اللہ کی طرف سے ہیں۔یہ جو ہم سمجھتے ہیں کہ میں اپنے زور بازو سے کما رہا ہوں یہ ہماری غلط فہمی ہے۔رزق اس کی عطا ہے اور رزق سے مراد صرف دولت نہیں بلکہ ہر وہ چیز جو ہمارے پاس ہے وہ رزق ہے جو اللہ کی عطا ہے۔رزق عطا کے معنوں میں آئے گا۔اللہ ہی جسے چاہتے ہیں بے شمار رزق عطا فرماتے ہیں اور ہم اللہ کی نعمتوں کا شمار نہیں کر سکتے۔یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفا ن منارہ میں ہر سال کی طرح امثال بھی اجتماعی سنت اعتکاف کے لیے ملک بھر سے اور بیرون ممالک سے بھی سالکین سلسلہ عالیہ تشریف لا رہے ہیں۔مرکز دارالعرفان منارہ میں معتکفین کو تزکیہ نفس اور تصفیہ قلب کے خصوصی تربیتی پروگرام سے گزارا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ذکر اذکار کرائے جاتے ہیں اور ضروریات دین سکھایا جاتا ہے جس کے امتحانات ہوتے ہیں جو پاس کرنے والوں میں شیخ المکرم مد ظلہ العالی اپنے دست مبارک سے اسناد تقسیم فرماتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں