فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق رمضان نگہبان پیکج کے20فیصد پے آرڈرز کی حقداروں تک ترسیل کردی گئی۔ڈویژن میں اب تک 99ہزار 770پے آرڈرز مستحقین کے گھروں تک پہنچا دیئے گئے۔ پے آرڈرز کی اہل مستحق افراد کے گھروں تک ترسیل کیلئے اضلاع میں ٹیموں کی تعدادبھی بڑھا کر 859کر دی گئی ہے۔ کمشنر مریم خان کی زیرصدارت نگہبان رمضان پیکج بارے اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر موجود جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو پرائس کنٹرول سرگرمیوں بارے بھی آگاہ کیا۔ کمشنر مریم خان کا اجلاس میں کہنا تھاکہ پے آرڈرز تقسیم مستحقین سے رقوم لینے والے اہلکارروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ملنے والے پے آرڈرز اسی روز مستحقین تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز خود پے آرڈرز ترسیل کی نگرانی کریں۔ پرائس کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے۔
