1

رمضان کارڈ کی تقسیم بروقت ،شفاف اور مستحقین تک پہنچنی چاہیے

سرگودھا(بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر کے چاروں اضلا ع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، پرا جیکٹ ڈائریکٹر پلس پراجیکٹ اور اے ڈی سی جنرل بھی شریک تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے رمضان کارڈ کی تقسیم، پلس پراجیکٹ کے تحت جاری اقدامات، رمضان المبارک کے لیے ایس او پیز، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے تیاریوں، رمضان کارڈ کی تقسیم کے طریقہ کار، مراکزکے قیام، شفافیت کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ رمضان کارڈ کی تقسیم بروقت، شفاف اور مستحقین تک پہنچنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔ رمضان المبارک کے دوران بازاروں، اشیائے خورونوش کی دستیابی، قیمتوں پر کنٹرول، صفائی ستھرائی اور امن و امان کے انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ رمضان ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، فیلڈ میں افسران کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ کمشنر سرگودھا نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے اور رمضان المبارک کے دوران عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں