لاہور (بیوروچیف)رمضان المبارک کے دوران نو سربازوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر رمضان گفٹ کے نام سے کئی جعلی لنک گردش کر رہے ہیں۔سائبر سیکیورٹی کے ماہرین نے اس حوالے سے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی لنکس پر کلک کر کے اپنی ذاتی معلومات ہرگز نہ دیں۔سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ایسے لنک اوپن کرنے پر شہریوں سے ان کی ذاتی معلومات مانگی جاتی ہیں اور پھر دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے۔سائبر سیکیورٹی ایکسپرٹس کے مطابق ایسے جعلی لنکس پر کلک کرنے اور اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے اکثر شہری سائبر کرائم کا شکار ہوجاتے ہیں۔سائبر سیکیورٹی ایکسپرٹس کے مطابق شہریوں کی ذاتی معلومات لے کر اسے مختلف پلیٹ فارمز پر بیچ دیا جاتا ہے جو مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کی جا سکتی ہیں۔سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کے مطابق صارفین کو شکار بنانے کے لیے سائبر کریمنلز آئے دن نت نئے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔رمضان المبارک میں اکثر لوگ قرآن پاک و دیگر اسلامی ایپلی کیشنز موبائل فونز پر انسٹال کرتے ہیں۔حال ہی میں گوگل پلے اسٹور نے کچھ ایسی اسلامی ایپلی کشنز اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دی ہیں۔یہ ایپس صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی تھیں یا پھر صارفین کے موبائل میں کوئی وائرس ڈال رہی تھیں۔شہری رمضان المبارک کے دوران اسلامی ایپلی کیشنز انسٹال کرتے ہوئے بھی محتاط رہیں۔رمضان گفٹ کے متعلق گردش کرنے والے جعلی لنکس پر کلک کرنے اور اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے اجتناب کریں۔شہری ایسے جعلی لنکس دوسروں کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جتنا زیادہ ایسے لنکس شیئر کیے جائیں گے اتنے زیادہ لوگ سائبر کرائم کا شکار ہو سکتے ہیں
40