اسلام آباد(بیوروچیف)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا طاقتور سسٹم ملک میں اثرانداز ہونا شروع ہو گیاجس کی وجہ سے ملک شدید سردی کی لپیٹ میں آ جائے گا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے نے بھرپور انداز میں اثرانداز ہونا شروع کر دیا ہے جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے، ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقے بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔بلوچستان کے کئی اضلاع موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو ضلع گوادر سمیت اغی،دالبندین،قلات،خضدار،نوشکی، واشک، خاران، پنجگور، کیچ، تربت، پسنی، مکران، لسبیلہ اور جیوانی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا مو سلا دھار بارش کا سلسلہ جا ری رہا۔گزشتہ روز کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں رات کو بھی گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔سندھ کے اندرونی علاقوں ٹھٹھہ، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار اور دادو میں بھی بارش کے بعد موسم ٹھنڈا ہوگیا۔
51