46

روزانہ درجنوں ڈرگ ڈیلرز کی گرفتاری کے باوجود منشیات فروشی عام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی پولیس کی طرف سے روزانہ درجنوں ڈرگ ڈیلرز کی گرفتاری کے باوجود منشیات فروشی عام’ نشہ کرنیوالوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ’ وردی اور بغیر وردی کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچائے بغیر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا منشیات سے پاک پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ تفصیل کے مطابق ضلع فیصل آباد میں جگہ جگہ منشیات کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا جبکہ تعلیمی اداروں’ یونیورسٹیز اور کالجز میں سپلائرز نوجوان نسل کو منشیات کی لت میں مبتلا کر رہے ہیں۔ ضلعی پولیس روزانہ درجنوں منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ارباب اختیار کو سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے اور منشیات سپلائی کرنیوالوں کے پیچھے بعض پولیس اہلکار اور ان کے کارندے سرگرم ہیں۔ پولیس کی طرف سے عام گلی محلوں میں ڈرگ ڈیلرز کے کارندوں کو گرفتار کرنے کے بلند وباغ دعوے کرتے ہوئے بھاری مقدار میں آئس’ ہیروئن’ چرس اور دیگر منشیات برآمد کرتی ہے تاہم پولیس کی جانب سے اس کے اصل ڈرگ ڈیلرز اور سپلائرز تک پہنچنے اور ان کی گرفتاری کیلئے عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے۔ مبینہ طور پر بڑے ڈرگ ڈیلرز اور سپلائرز کے ساتھ پولیس کے افسران واہلکار ملوث پائے گئے ہیں۔ وردی اور بغیر وردی کے دھندہ کرنے والوں کو پکڑنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے اور ان پر ہاتھ ڈالنے سے کتراتی ہے۔ منشیات کا دھندہ کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور ان کے کارندے گلی’ محلوں میں سرعام منشیات فروخت کرتے ہیں۔ جسکی وجہ سے نشہ کرنیوالوں کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی پولیس جس طرح روزانہ درجنوں منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرنے کے دعوے کرتی ہے تو فیصل آباد سے منشیات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ لیکن پولیس کی پکڑ دھکڑ کے باوجود منشیات فروشی کا دھندہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ جب تک منشیات فروشوں کے سہولت کاروں کو اپنے انجام تک نہیں پہنچایا جاتا اس وقت تک وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا منشیات سے پاک پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ شہری حلقوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور’ آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کی پکڑ دھکڑ کے ساتھ ان کو منشیات سپلائی کرنے والے اصل ڈیلرز کو پکڑا جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں