روزہ اﷲ تعالیٰ کے قرب کو حاصل کرنیکا ذریعہ ہے

لاہور (بیوروچیف) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ روزہ کا بنیادی مقصد تقویٰ کا حصول ہے،روزہ محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ ایک جامع عبادت ہے،ماہِ رمضان مسلمانوں کے لیے روحانی تربیت، صبر و برداشت، ہمدردی اور ایثار کا عملی درس دیتا ہے، روزہ انسان کو اپنی خواہشات پر قابو پانے، اخلاقی پاکیزگی اختیار کرنے اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا شعور بخشتا ہے، یہ عبادت انسان کے اندر جوابدہی کا احساس پیدا کرتی ہے اور اسے نیکی کے راستے پر گامزن کرتی ہے، قرآن مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ”اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو،روزے کے ذریعے معاشرے میں مساوات، بھائی چارہ اور باہمی احترام کو فروغ ملتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میںجمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ روزہ کی حالت میں ہمیں جھوٹ ،غیبت ،خیانت ،بدکلامی ،لڑائی جھگڑے سمیت تمام برائیوں سے اجتناب کرناچاہیے۔اگر روزہ ہمیں تقویٰ، صبر اور اخلاقِ حسنہ کی طرف لے جائے تو یہی اس عبادت کا اصل مقصد ہے۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم روزے کی ظاہری پابندی کے ساتھ اس کے باطنی تقاضوں کو بھی پورا کریں، اپنی اصلاح کریں اور معاشرے میں خیر و بھلائی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ صاحبِ حیثیت افراد بھوک اور پیاس کی شدت کو محسوس کرکے مستحقین کی مدد کی طرف راغب ہوتے ہیںجس سے معاشرتی ہم آہنگی مضبوط ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں