روس میں8.8شدت کا زلزلہ’ سونامی کی وارننگ

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے مشرقی ساحل کے قریب شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے علاقے کامچٹکا میں زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی، خوفناک زلزلے کے باعث 3سے 4میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں، زلزلے سے بندرگاہوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا، متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ممکنہ سونامی کے باعث بحرالکاہل میں سونامی کی ایڈوائزری جاری کر دی گئی، جاپان اور فلپائن میں بھی ایمرجنسی وارننگ جاری کر دی گئی، ہزاروں افراد کو ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ بھی خالی کرا لیا گیا۔زلزلے کے باعث کیلی فورنیا، واشنگٹن، ہوائی، الاسکا، چلی، اوریگن کیلئے بھی سونامی وارننگ جاری کی گئی، سونامی کی لہریں روسی ساحل سے ٹکرا گئیں، مشرقی جاپان میں ریلوے سروس معطل کر دی گئی، جاپان کے شہر ہوکیڈو میں بھی سونامی کی لہریں آئیں۔واضح رہے کہ 20جولائی کو بھی روس میں 5.0اور 6.7شدت کے زلزلے آئے تھے جن پر سونامی کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں 7.4شدت کا زلزلہ 08:49جی ایم ٹی پر ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد USGSنے خبردار کیا کہ کچھ ساحلی علاقوں کے لئے خطرناک سونامی لہروں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ادارے نے بتایا تھا کہ روسی ساحلوں پر 30 سینٹی میٹر سے ایک میٹر (تقریبا 3.3 فٹ) تک بلند لہریں پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ جاپان اور امریکی ریاست ہوائی میں 30سینٹی میٹر (ایک فٹ) سے کم اونچی لہروں کی توقع ہے۔ USGSنے بتایا تھا کہ زلزلے کا مرکز بحرالکاہل میں پیٹروپاولووسک کامچاتسکی شہر سے تقریبا 150کلومیٹر (93میل) مشرق میں واقع تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں