روہت شرما نے ون ڈے کپتانی سے استعفیٰ کے بعد خاموشی توڑ دی

ممبئی (سپورٹس نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ون ڈے کپتان روہت شرما نے بالآخر شوبمن گل کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپے جانے کے بعد خاموشی توڑ دی ۔ممبئی میں منعقدہ سی ای اے ٹی کرکٹ اسٹینڈنگ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 38 سالہ روہت شرما نے اپنی کپتانی کے دور، ٹیم کے سفر اور اس تبدیلی پر گفتگو کی جس کے نتیجے میں بھارت نے 2024 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2025 کی چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی۔روہت شرما کا کہنا تھا کہ میں اس ٹیم سے محبت کرتا ہوں یہ سفر ایک بار نہیں بلکہ کئی بار ہوا ہے۔انہوں نے 2023 کے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد ٹیم کی واپسی کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ راہول ڈریوڈ اور کھلاڑیوں کے اتحاد نے بھارت کی جیت کی سوچ کو پروان چڑھایا۔روہت نے زور دے کر کہا کہ یہ کامیابیاں صرف ایک یا دو کھلاڑیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ پوری ٹیم کے مشترکہ جذبے اور محنت کا نتیجہ تھیں۔ہر کھلاڑی کو ایک سوچ پر یقین کرنا پڑا اور ہم نے وہی کیا۔انہوں نے ٹیم کی سب سے بڑی طاقت تسلسل اور ٹیم ورک کو قرار دیا۔روہت نے مزید کہا کہ ہر جیت کے بعد ہم نے فورا اگلے چیلنج پر توجہ دی۔ اسی سوچ نے مجھے اور راہول بھائی کو بڑے ٹورنامنٹس کے لیے بہتر منصوبہ بندی میں مدد دی۔اگرچہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل راہول ڈریوڈ کی جگہ گاتم گمبھیر نے بطور کوچ ذمہ داریاں سنبھالیں، تاہم روہت کا ماننا ہے کہ ٹیم کی کامیابی کی بنیاد وہی رہی۔2023 میں ہم جیت نہ سکے لیکن ہم نے ایک خاص ٹیم کی شروعات کی اور ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ روہت شرما اب ون ڈے اور ٹیسٹ دونوں فارمیٹس کی قیادت شوبمن گل کے سپرد کر چکے ہیں تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ وہ بھارت کے آسٹریلیا کے آئندہ دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں