رچمنڈ انسٹی ٹیوٹ فنی تعلیم عام کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کررہا ہے،ریحان نسیم بھراڑہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صدر چیمبرآف کامرس ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ رچمنڈ انسٹیٹیوٹ جو کہ آسٹریلیاسے منسلک ہے، کی شراکت سے فنی تعلیم کو عام کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کر رہاہے فیصل آباد جیسے صنعتی شہر میں ایسے ادارے کا قیام کاروبار میں وسعت، نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت اور ملکی ترقی میں اہم معاون ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صدر چیمبرنے رچ مونڈ انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد چناب مارکیٹ سوساں روڈ پر واقع آسٹریلیا ہائوس میں کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر ٹیوٹا محمد عثمان، صدر فلاحی تنظیم عالم بی بی فاونڈیشن، سی ای او رچمنڈ انسٹی ٹیوٹ پروفیسر آصف اقبال، آفتاب کاشف، رانا صفدر، کنٹری ہیڈ محمد شاہد اور دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا ادارہ میں جدید دور کے معیار کے مطابق نئی نسل کو تعلیم کی سہولیات دی جارہی ہیں۔ پاکستان کے مختلف شعبوں میں ہنرمند افراد کی فراہمی کے لئے آسٹریلیا بھی کردارادا کررہا ہے’ رچمنڈ انسٹیٹیوٹ پاکستان میں نیوٹیک کے ساتھ رجسٹرڈ ہے’ اس انسٹیٹیوٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے ماہر اساتذہ اور مختلف ماہرین کی مشاورت سے کورسز تیار کئے گئے ہیں اس ادارے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنیوالے طالبعلم دنیا کے کسی کونے میں بھی اپنے فرائض سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پروفیسر آصف اقبال نے ادارے کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے شرکا کو بتایا ادارہ ھذا میں کمیپیوٹر، اے آئی، ڈیجیٹیل میڈیا سمیت دیگر تمام کورسز کروائے جارہے ہیں۔ مختلف معاہدوں کے تحت اس ادارے میں تعلیم حاصل کرنیوالے طلبہ کو بیرون ملک آسٹریلیا میں بھی تعلیم کے حصول کے مواقع میسر آئیں گے۔ شرکاء نے ادارے کے نئی نسل کی تعلیم وتربیت کے لئے اٹھائے اقدامات کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں