وزیراعظم شہباز شریف نے وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو کمزور کرنے والی کوئی بھی تحریک عوام کو قبول نہیں’ یوم دفاع پاکستان کی قومی شناخت کا ایک عظیم حوالہ ہے اور فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور سکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے، دریں اثناء آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم دفاع وشہداء پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں کی سرکوبی کرتے رہیں گے قوم اور بالخصوص نوجوان ہمارا قیمتی ثاثہ ہیں سیاسی اختلافات کو نفرتوں میں تبدیل نہ ہونے دیں دہشت گردی کے خاتمے تک قربانیوں کا سلسلہ جاری رہے گا عزم استحکام کوئی نیا آپریشن نہیں اور نہ ہی آبادی کی نقل مکانی ہو گی قربانیوں کا سلسلہ دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گا ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے ان کو ختم کریں گے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع وشہداء کی خصوصی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر شریک ہوئے، وزیراعظم نے کہا میں ان مائوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر اس وطن پر نثار کر دیئے انہوں نے کہا کہ قومی کی تقسیم ملکی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرتی ہے ریاست کو کمزور کرنے والی کسی تحریک کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، امن ہماری اولین خواہش ہے اور ہم اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ باوقار اور پُرامن تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن اپنی آزادی’ عزت اور مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان ہم سب کا ہے اسکی حفاظت ترقی اور خوشحالی ہم سب کی اجتماعی اور مساوی ذمہ داری ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک آرمی جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر بہادروں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں، پاکستانی قوم ایک جری اور بہادر قوم ہے انہوں نے کہا دہشت گردوں کیلئے زمین تنگ کر دی جائے گی افواج پاکستان اور عوام کا رشتہ دل کا رشتہ سے یہی مضبوط رشتہ دشمنوں کی شکست کا باعث ہیں، آرمی چیف نے کہا عزم استحکام نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے قومی یکجہتی کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہوں گے دہشت گردی کے پھیلائو میں غیر ملکی طاقتوں کو باور کرانا چاہتا ہوں، پاکستانی قوم اور فوج ملکی سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ معاشرتی وسماجی معاملات میں اخوت’ ہم آہنگی’ برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کریں، مذہبی عدم برداشت سے بالاتر رہ کر آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کریں، سیاسی نقطہ نظر میں اختلافات کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں قائداعظم کے راہنما اصول’ ایمان’ اتحاد اور تنظیم ہمارے لئے مشعل راہ ہیں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کے ناجائز زیرقبضہ جموں وکشمیر نہ صرف ملکی بلکہ خطے اور عالمی سطح کا مسئلہ ہے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل میں ہے ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا تنازعہ دنیا کے لیے انتہائی قابل فکر سوالیہ نشان ہے سفارتی سطح پر پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں پر بربریت کی روک تھام کیلئے سرگرم عمل رہے گا،، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع وشہداء کی خصوصی تقریب میں ان قوتوں کو خبردار کر دیا ہے جو ریاست کو کمزور کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں وزیراعظم نے کہا فتنہ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے سربراہ پاک آرمی جنرل عاصم منیر نے دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے ان کی سرکوبی کریں گے اور ان کو ختم کریں گے جس کے بعد ملک دشمن عناصر کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ انکی خیر نہیں بہتر یہی ہے کہ وہ ہمارے وطن سے نکل جائیں یا پھر اپنے انجام کے لیے تیار رہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پُرامن اور محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا وطن عزیز کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاک افواج پرعزم اور مستعد ہیں،، واقعی یہ بات ایک ٹھوس حقیقت ہے کہ جب تک عوام حکومت اور عسکری قیادت متحد رہیں گے پاکستان کو کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف عزم استحکام آپریشن جو دراصل نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے اس کو جاری رہنا چاہیے تاکہ فتنہ الخوارج کو اس کے انجام تک پہنچانے کی راہ ہموار ہو ملک کو دہشت گردوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے جس کا خمیازہ ہم مختلف بحرانوں کی صورت میں بھگت رہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اب پوری قوم حکومت اور عسکری قیادت کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر چلے تاکہ فتنہ الخوارج اور ملک کے دشمنوں کو شکست فاش دی جا سکے۔
