ریسکیو1122کے فائر فائٹرز عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر دم تیار ہیں،ظفر اقبال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوا ن نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیر نگرانی ریسکیو1122نے فائر فائٹرز کا عالمی دن نہا یت دلی جوش و جذبہ سے منایا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی زیر قیادت فائر فائٹرز ڈے کے حوالے سے جی ٹی ایس چوک میں ریلی بھی نکالی گئی۔ جس میں ریسکیو افسران و سٹاف، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر سنٹرل ریسکیو اسٹیشن پر ریسکیو شہدا کے لیے سلامی اور دعا کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تمام ریسکیورز اور ریسکیو رضاکار نے شہدا فائر فائٹرز کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ دن منانے کا مقصد ان شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے دوسروں کی جان و مال بچاتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس کے ساتھ ساتھ ان فائر فائٹرز کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کو آگ سے محفوظ رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فائر فائٹرز درحقیقت قوم کے حقیقی ہیروز ہوتے ہیں کیونکہ فائر فائٹرز نہ صرف انتہائی مشکل کی گھڑی میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں بلکہ بعض اوقات لوگوں کی مال وجان کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرتے ہیں، فائٹرز اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر لوگوں کے جان ومال کا تحفظ کرتے ہیں فائر فائٹر ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں انکی بدولت لوگوں میں احساس تحفظ پیدا ہوتا ہے کہ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں ریسکیو 1122کے فائر فائٹرز عوام کی خدمت کیلئے ہر دم تیار ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے بلند منزلہ عمارتوں کے مالکان سے ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بنائے گئے فائر سیفٹی کے قوانین پر عمل در آمد پر بھی زور دیا تاکہ بلند بالا عمارتوں کو آگ لگنے کے واقعات سے محفوظ بنایا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں