ریسکیو1122کے ممکنہ سانحات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ ،لائل پور گیلریا کے مقام پر فرضی مشقوں کا انعقاد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ کی قیادت میں ریسکیو 1122کی جانب سے ممکنہ سانحات اور ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کی تیاریوں کے جائزے کے لیے لائل پور گیلریا کے مقام پر جامع فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔فرضی مشقوں کے دوران بیک وقت مختلف ہنگامی صورتحال جیسے بم بلاسٹ، آگ لگنے، روڈ ٹریفک حادثات، بلند عمارتوں میں افراد کے پھنسنے اور مریضوں کی فوری ہسپتال منتقلی جیسے مناظر کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ان فرضی مشقوں میں ایمرجنسی آفیسر (آپریشن)، تحصیل انچارجز، ریسکیورز، ریسکیو رضاکاروں سمیت، سول ڈیفنس اور پولیس نے شرکت کی۔ اس موقع پر بیس آف آپریشن، انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ، رجسٹریشن کیمپ، میڈیکل کیمپ، سٹور اینڈ لاجسٹک کیمپ اور رئیپر کیمپ قائم کیے گئے۔فرضی مشقوں کے دوران ریسکیورز نے بلاسٹ کے نتیجے میں متعدد زخمیوں کو ریسکیو کرنے، بلڈنگ کے اندر اور بلند عمارتوں میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے، آگ پر قابو پانے اور دھویں سے بھرے مقامات پر پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصل آباد عادل عمر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ کے ہمراہ فرضی مشقوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا، ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشقوں کا مقصد ہنگامی حالات میں فوری اور مثر ردعمل کو یقینی بنانا اور قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام الناس کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کے ویژن کے مطابق ایک محفوظ اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملٹی اسٹوری بلڈنگز میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں جان و مالی نقصان سے ممکنہ حد تک بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں