ریلوے انڈر پاس ٹوبہ ٹیک سنگھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار ) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریلوے انڈر پاس کی سڑک بدحالی کی تصویر بن گئی، ایک طرف دیواروں کی آرائش پر لاکھوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں تو دوسری جانب سڑک جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ اور گہرے گڑھوں کا منظر پیش کر رہی ہے، جس نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ چکا ہے، خصوصا موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیورز کے لیے یہ راستہ کسی امتحان سے کم نہیں رہا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انڈر پاس میں گزرنا اب روز کا رسک بن چکا ہے، معمولی سی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ انتظامیہ کی ترجیح صرف دیواروں کی خوبصورتی تک محدود دکھائی دیتی ہے۔ سماجی حلقوں نے اس صورتحال کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب بنیادی انفراسٹرکچر ہی ناقص ہو تو ظاہری خوبصورتی پر خرچ کیے جانے والے فنڈز بے معنی ہو جاتے ہیں۔ عوامی مطالبات میں شدت آ گئی ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کو ترجیح دے اور گڑھوں کو ختم کر کے شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کرے، ورنہ یہ مسئلہ کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں