ریلوے پریم یونین کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریلوے پریم یونین نے حکومت کی طرف سے ریلوے کی نجکاری کے متوقع فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اس کیخلاف ”ریلوے کی نجکاری، ملک سے غداری” کے سلوگن کے تحت بھرپواحتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔اس امرکافیصلہ پریم یونین کے اعلی سطحی مشاورتی اجلاس میں کیاگی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پریم یونین کے چیئرمین ضیا الدین انصاری، صدر شیخ محمد انور، سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، نائب صدرعبدالقیوم اعوان،چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پہلے مرحلہ میں ملک بھر میں پوسٹرزاور پینڈ بل کے ذریعے ریلوے ملازمین اور عام پاکستانی شہری کو آگاہی اور منظم کرنے کا عمل شروع کردیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے،منظم سازش کے تحت ریلوے کو بھی اسٹیل مل اور پی آئی اے بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، وزارت ریلوے کی نااہلی کی وجہ سے ریلوے انتظامیہ حکومت کو ریلوے کاکیس صحیح طریقہ سے پیش نہیں کرسکی جس کی وجہ سے حکومت نے ریلوے کو نان ایسینشل کیٹگری میں ڈال دیاہے۔وزیر اعظم سے اپیل ہے اس فیصلہ پردوبارہ نظرثانی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے کی کھربوں روپے کے اثاثہ جات کو لوٹنے کی تیاری کی جارہی ہے، ریلوے قومی وحدت کا ادارہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر ریلوے نے 88ارب سے زائد ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے جو پچھلے مالی سال سے 40فیصد زائدآمدن ہے۔ ریلوے کو مالی سال کے آغاز میں حکومت سے 73ارب آمدن کا ٹارگٹ ملا تھا۔ اتنے منافع بخش ادارے کی نجکاری ملک کی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں