ریلوے کا ادارہ مزدوروں کی شپ و روز محنت سے چل رہا ہے،چیئرمین پریم یونین ضیاء الدین انصاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلو ے پریم یونین کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری بذریعہ قراقرم ایکسپریس کراچی جاتے ہوئے فیصل آباد اسٹیشن پر پہنچنے پر چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری،زونل صدر ظہیر الدین بابر، سیکرٹر ی کاظم فاروق گل، زونل نائب صدرنور الدین، زونل آرگنائزربا طاہر،بابر نواز، عبدالسمیع، ساجد عمران،عبد الرحمن، نور احمد،محمد کاشف و دیگر زونل اور لوکل کمیٹی کے زمہ داران اور کارکنان نے پر جوش استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر استقبالی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری نے کہاکہ ریلوے ملازمین ریلوے کے ماتھے کا جھومرہیں،ریلوے کا ادارہ مزدوروں کی شب و روز محنت سے چل رہا ہے۔پریم یونین کو اپنے مزدور بھائیوں پر فخر ہے، نامساعد حالات کے باوجود ریلوے کے ٹرین آپریشن کوجاری رکھنے میں ملازمین جو کردار ادا کررہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔ریلوے ملازمین کے جذبہ کوشکست نہیں دی جاسکتی۔۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سب سے بڑے رفاعی و فلاحی ادارے کی نجکاری ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے، کسی مائی کے لال کو ریلوے کی نجکاری کی اجازت نہیں دیں گے،ملازمین ریلوے کو بچانے کے لیئے اپنا خون بہا دیں گے مگر کسی کو بھی نجکاری کے نام پر ریلوے کی لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہپریم یونین ریلوے اور ریلوے مزدوروں کے مسائل کی جدوجہد اللہ کی رضا اور آخرت کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر قسم کی وابستگی اور تعصبات کو بالاتر رکھتے ہوئے کر رہی ہے۔ریلوے کاہر مزدورتمام علاقائی، لسانی، سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہوکرصرف اور صرف پاکستان ریلوے کی بہتری اور اس کے ٹرین آپریشن کوبہتر سے بہتراور معمول پر رکھنے کیلئے اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے اور یہی ان کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں