اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان ریلوے نے تیل کی قیمت میں اضافے کے باوجود کرائے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی طرف سے ریلوے مسافرو ں کیلئے بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کا ڈیزل قیمتوں میں اضافے کا اثر خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آپریشنل اخراجات پورے کرنے کیلئے ٹرین کرایوں میں 30 فیصد اضافہ ناگزیر تھا، وزیراعظم نے پاکستان ریلویز کو کسی بھی کلاس کے کرایے بڑھانے سے منع کر دیا، اکانومی’ اے سی کلاسز سمیت کسی کرایے میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ تاجر برادری کی سہولت کیلئے فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 30جون تک 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت نے اپنے ذمہ لے لیا۔ وزیرریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل وقت میں مسافروں کے دل جیت لئے ہیں۔ یہ عوام کیلئے تحفہ ہے، ریلوے کا سفر ہر شخص کی پہنچ میں رہے گا۔



