ریلوے کا 11مسافر ٹرینوں کی نیلامی کا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان ریلوے نے 11مسافر ٹرینوں کے آپریشنز کو اوپن آکشن (کھلی نیلامی) کے ذریعے آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کارکردگی میں بہتری، سروسز کی جدید کاری اور ریونیو (آمدنی) میں اضافہ کیا جا سکے، یہ نیا طریقہ کار پرانے بولی سسٹم کی جگہ لے گا، جس میں شرکا کی تعداد محدود تھی۔نئے سسٹم کے تحت جن 11 ٹرینوں کو نیلامی میں پیش کیا جائے گا ان میں ہزارہ ایکسپریس، بہائوالدین زکریا ایکسپریس، ملت ایکسپریس، بدر ایکسپریس، غوری ایکسپریس، راول ایکسپریس، تھل ایکسپریس، موہنجوداڑو پسنجر، فرید ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس اور فیض احمد فیض پسنجر ٹرین شامل ہیں۔ نیلامی 20نومبر 2025 کو منعقد ہوگی۔ریلوے حکام کے مطابق پرانے سسٹم میں کئی مشکلات تھیں کیونکہ کچھ ٹرینوں کے لیے مالی بولیاں کم تھیں اور شرکا کی تعداد بھی محدود رہی، مثال کے طور پر پہلے نو ٹرینوں کے لیے مجموعی طور پر 7.9 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں، لیکن وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے تمام بولیاں منسوخ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ آئندہ آئوٹ سورسنگ کھلی نیلامی کے ذریعے کی جائے۔مسافر ٹرینوں کے علاوہ ریلوے نے سامان بردار بوگیوں، بریک وینز اور متعلقہ سکولوں و ہسپتالوں کے کمرشل انتظامات کو بھی آئوٹ سورس کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ مجموعی آپریشنز کو اور زیادہ منافع بخش بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں