سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ ریونیو واجبات کی وصولی ریونیو افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ریونیو افسران دیگر امور کیساتھ ساتھ ریونیو ریکوری کو اولین ترجیح دیں اور بورڈ آف ریونیو کے طے کردہ تمام انڈیکیٹرز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ سرگودھا ڈویژن مجموعی کارکردگی میں ٹاپ پر رہے۔ یہ ہدایات انہوں نے بورڈ آف ریونیو کے انیشیٹوز اور پلس پراجیکٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن اور دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے ریونیو افسران پر واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ اگر کسی ریونیو اہلکار یا افسر کے خلاف کرپشن کی کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو باقاعدہ انکوائری کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریونیو انڈیکیٹرز کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کو بھی ترجیح بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عدالتی نوعیت کے زیر التواء ریونیو کیسز غیر ضروری طور پر لمبے عرصے تک التواء کا شکار نہ ہوں اور ان کے بروقت فیصلے کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ وہ جلد اضلاع کے دورے شروع کریں گے اور ہر ضلع میں جا کر ریونیو افسران کی انفرادی کارکردگی، بورڈ آف ریونیو کی انیشیٹوز اور اہداف کا خود جائزہ لیں گے۔اجلاس میں پلس پراجیکٹ اور بورڈ آف ریونیو کے دیگر اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن نے ونڈا کی تقسیم، گرین پراپرٹی اور دیگر شعبہ جات کے حوالے سے سرگودھا ڈویژن کی کارکردگی پر مبنی بریفنگ اور پرفارمنس رپورٹس پیش کیں۔ اس موقع پر چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اے ڈی سی آرز نے بھی اپنے اپنے اضلاع میں بورڈ آف ریونیو کے انیشیٹوز پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔



