ریڑھیوں کے لائوڈ سپیکر’ ٹیپ ریکارڈ ہٹانے کی کارروائی

چنیوٹ (نامہ نگار) ڈی پی او عبداللہ احمد کی ہدایت پر فروٹ رکشہ اور ریڑھیوں سے لاڈ اسپیکر اور ٹیپ ریکارڈر ہٹانے کی کارروائی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداللہ احمد کی خصوصی ہدایت پر شہر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے موثر کارروا ئیاں جاری ہیں۔تازہ کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس انچارج اظہر گجر کی نگرانی میں ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں موجود فروٹ رکشوں، ریڑھیوں اور دکانداروں کے خلاف آپریشن کیا جنہوں نے ٹیپ ریکارڈر اور لاڈ اسپیکر لگا رکھے تھے۔کارروائی کے دوران متعدد رکشوں اور ریڑھیوں سے ٹیپ ریکارڈر اور لاڈ اسپیکر اتار دیے گئے، جبکہ مالکان کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ دوبارہ ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جو شہریوں کے لیے noise pollution (شور کی آلودگی) کا باعث بنتی ہیں۔انچارج ٹریفک پولیس اظہر گجر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی پی او صاحب کی واضح ہدایت ہے کہ شہر میں امن و سکون برقرار رکھا جائے۔ غیر ضروری شور، گانے بجانے یا آوازیں بلند کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کے تعاون سے شہر کو پرسکون اور محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔شہریوں نے بھی پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور بازاروں میں غیر ضروری شور و غل سے عام لوگ خاص طور پر بزرگ اور طلبا متاثر ہوتے ہیں، لہذا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، ڈی پی او عبداللہ احمد کی ہدایت پر شہر بھر میں اس نوعیت کی کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی تاکہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں