زراعت کی ترقی کیلئے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کا قیام خوش آئند

لاہور(بیوروچیف) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے جامع اور قابل عمل لائحہ عمل تیار کرنے کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ آرگینک زراعت کو بھی اس میں شامل کیا جانا چاہیے ، زرعی برآمدات کے فروغ اور زرعی شعبے کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کا قیام خوش آئند ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے ذریعے برآمدات کے قابل مصنوعات تیار کرنے کے لیے پالیسی سطح پر اقدامات تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم آرگینک خوراک کی عالمی مارکیٹ کے حوالے سے اسٹڈی رپورٹ تیار کرائیں جسے پیش نظر رکھتے ہوئے آرگینک زراعت کو بھی قومی زرعی پالیسی میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آرگینک خوراک کی عالمی مارکیٹ میں طلب بڑھ رہی ہے اور یہ سنہری موقع ہے کہ ہم اس کے لئے ابھی سے عملی اقدام کرتے ہوئے اربوں ڈالرز کا اپنا شیئر ز حاصل کرنے کی طرف پیشرفت کریں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں