زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ملٹی فنکشنل ویجیٹیبل نرسری ٹرانسپلانٹر تیار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ملک میں پہلی مرتبہ ملٹی فنکشنل ویجیٹیبل نرسری ٹرانسپلانٹر تیار کر لیا ہے جو زرعی لاگت میں کمی، پیداوار میں اضافے اور منافع بخش زراعت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ یہ مشین پارب پراجیکٹ کے تحت تیار کی گئی ہے جس کے پراجیکٹ مینیجر ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ریسرچ سنٹر ڈاکٹر محمد زمان ہیں جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر میکنائزیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ انجینئر شہزاد احمد ٹیم لیڈر ہیں۔اس سلسلے میں واٹر مینجمنٹ ریسرچ سنٹر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ”ملٹی فنکشنل ویجیٹیبل نرسری ٹرانسپلانٹر” کی عملی نمائش اور آگاہی کے لیے فارمرز ڈے کا انعقاد کیا گیا۔ڈاکٹر محمد زمان نے مشین کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ مکینائزڈ ٹرانسپلانٹنگ مؤثر آبی انتظام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ پودوں میں مناسب فاصلہ اور آبپاشی کا بہتر نظام غذائی اجزاء کے مؤثر استعمال میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی قلت کے تناظر میں ایسی جدتیں پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔ چیئرمین اریگیشن ڈاکٹر محمد عدنان شاہد نے پانی کی کمی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید اور مؤثر آبپاشی نظام اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں