زرعی یونیورسٹی میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کیا جا چکا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایک باصلاحیت ، تربیت یافتہ اور جدید علوم کی حامل انتظامی افرادی قوت نظم و نسق، شفاف فیصلہ سازی اور مؤثر خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے پانچ روزہ قومی آؤٹ ریچ تربیتی پروگرام برائے انتظامی اسٹاف کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تربیتی پروگرام زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے اشتراک سے منعقد کیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کیا جا چکا ہے جس کے ذریعے فائلوں کی الیکٹرانک ٹریکنگ، آپریشنل کارکردگی میں اضافہ، ڈیٹا سکیورٹی اور میرٹ پر مبنی گورننس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعدادکار میں اضافے کے لئے تربیت نہ صرف عملے کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلی لے کر آتی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی گورننس کو مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تربیت یافتہ انتظامی ڈھانچہ کسی بھی ترقی پسند یونیورسٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے۔ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر سعدیہ بخاری نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کا آؤٹ ریچ تربیتی پروگرام جامعات کی دہلیز پر منعقد کرنے کا اقدام افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا اور انہیں مزید مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل بنائے گا۔ ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر حافظہ شافعہ تحسین گل نے بتایا کہ اس تربیتی پروگرام کے تحت یونیورسٹی کے 30 انتظامی ملازمین کو تربیت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیت کے دوسرے مرحلے کا انعقاد بھی جلد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں