زرعی یونیورسٹی میں تیسرے بیج کی گریجویشن کی تقریب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کے اشتراک سے انگلش ایکسیس اسکالرشپ پروگرام کے تیسرے بیج کی گریجویشن تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل فیصل آباد میں کیا گیا جس میں 200 طلبہ و طالبات کو دو سالہ انگریزی زبان پروگرام کی کامیاب تکمیل پر سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکن نے ویڈیو پیغام میں طلبہ اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم اور بین الثقافتی تفہیم کے ذریعے بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے پروگرام میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی شراکت داری کو سراہا اور بتایا کہ یونیورسٹی کے ایکسیس پروگرام کے دو اساتذہ کو تعلیمی و ثقافتی تبادلہ پروگرام کے تحت امریکہ جانے کا موقع ملا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ اساتذہ امریکہ سے حاصل کردہ جدید تدریسی طریقے پاکستانی کلاس رومز میں بھی اپنائیں گے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ زندگی میں ترقی کے مراحل طے کرنے میں موثر ابلاغ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر گفتگو کسی بھی بات کو منوانے اور سمجھانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کی پرفارمنس، اعتماد اور طرزابلاغ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایکسیس پروگرام نے دو سالوں میں ان طلبہ کی بھرپور تربیت کی ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی امریکی قونصلیٹ جنرل کے نمائندے ڈاکٹر محمد اقبال نے یونیورسٹی اساتذہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے تمام ایکسیس اساتذہ کو اسلام آباد میں بین الاقوامی تربیت کاروں سے ٹریننگ فراہم کی گئی۔ انہوں نے اساتذہ کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے آن لائن اور دیگر تربیتی مواقع کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں