زرعی یونیورسٹی کے مستحق طلبہ کیلئے2کروڑ 50لاکھ گرانٹ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سلطان علی شکرو برکت ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اسکالرشپ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مستحق طلبہ کے لیے اپنے پروگرام میں2 کروڑ50 لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ”ڈاکٹر عبدالحفیظ ایجو کیشنل فاؤنڈیشن اسکالرشپ” کا اجراء بھی25 لاکھ رو پے سے کیا گیا ہے۔ علم دوست شخصیت ڈاکٹر پرویز سلطان نے یہ چیکس زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کو ان کے چیمبر میں ملاقات کے دوران دیئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر نازیہ احسان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار اکبر خاں بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر پرویز سلطان نے کہا کہ تعلیم زندگیوں اور معاشروں کو بدلنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت مگر مالی مشکلات کا شکار طلبہ کی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اسکالرشپس طلبہ کو اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس تعاون کو سراہتے ہوئے اسے فروغِ تعلیم کے لیے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فلاحی کاوشیں تعلیمی ماحول کو مضبوط بنانے اور مستحق طلبہ کی مدد کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی مساوی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس امر پر پرعزم ہے کہ مالی مشکلات باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیمی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی میں زیرتعلیم 7,500 سے زائد طلبہ مختلف اسکالرشپس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور معاونت کے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ کاوشیں طلبہ کے مستقبل کو روشن بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر نازیہ احسان نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے مستحق طلبہ کی معاونت کے لیے ایک شفاف اور میرٹ پر مبنی اسکالرشپ نظام قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے عطیات نہ صرف طلبہ پر مالی بوجھ کم کرتے ہیں بلکہ انہیں تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں