59

زرمبادلہ ذخائر میں اضافے پر مکمل توجہ دی جائے (اداریہ)

ورلڈ بینک کی ایک حالیہ رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں ترسیلات زر میں 10 فیصد کمی آ سکتی ہے، کسی ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں ایکسپورٹس’ ترسیلات زر’ بیرونی سرمایہ کاری اور مالیاتی اداروں کی امداد کو بھی اہمیت حاصل ہوتی ہے لہٰذا ان چاروں ذرائع پر بھرپور توجہ دینا اشد ضروری ہے، حکومت کو چاہیے کہ ایکسپورٹ’ ترسیلات زر’ بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جبکہ موجودہ حالات میں مالیاتی اداروں سے ملنے والی امداد کو بھی بڑی اہمیت حاصل ہے اس لئے اس جانب توجہ دینا بھی ضروری ہے، 2023ء میں ملکی ترسیلات زر میں 5.4 فیصد اضافہ ہوا اور 30ارب ڈالر کے لگ بھگ ترسیلات زر موصول ہوئیں، صرف دسمبر میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے 557.6 ملین ڈالر موصول ہوئیں جبکہ متحدہ عرب امارات’ برطانیہ’ امریکہ اور دیگر ملکوں سے بھی ترسیلات زر موصول ہوئیں، بیرون ملک مقیم کئی پاکستانیوں نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے بھی اپنی رقوم بھیجیں جس سے آفیشل ترسیلات زر میں کمی ہوئی مگر نگران حکومت نے کریک ڈائون کر کے حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی سٹہ بازاری کو ختم کر دیا جس کے باعث گزشتہ کئی مہینوں سے روپے کی قدر مستحکم ہے اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں حوالہ ہنڈی کے ذریعے ترسیلات زر بھیجنے کی حوصلہ شکنی ہوئی جو کہ خوش آئند بات ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی افرادی قوت کو ہنرمند بنا کر بیرون ملک بھیجے، اس سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہونا یقینی ہے، یہ بات بھی امید افزاء ہے کہ سعودی سفارتخانے کے وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے برادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑا ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ بہترین اقتصادی تعلقات برقرار رہیں گے، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین اقتصادی تعلقات برقرار رکھنے اور پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے مدد کی یقین دہانی قابل قدر ہے، وطن عزیز کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے ان کے حل کیلئے حکومت اور سیاسی قائدین کو اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے امید ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر مکمل توجہ دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں